لاہور(اے بی این نیوز)سینئر لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کو ہارٹ اٹیک آنے پر سٹنٹ ڈال دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو ہارٹ اٹیک کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا جہاں ان کی سرجری کی گئی اور ایک شریان میں سٹنٹ ڈالا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق خواجہ سعد رفیق کو ایک اسٹنٹ ڈالا گیا ہے اور ان کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے، بروقت علاج کے باعث صورتحال قابو میں رہی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پیغام میں خواجہ سعد رفیق نے لکھا کہ 16 فروری کی شب مجھے اچانک دل کی تکلیف لاحق ہوئی، دِل کی دھڑکن معمول کی نسبت بہت تیز ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عارضہ قلب کے باعث پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جانا پڑا ، ڈاکٹر صاحبان نے انجیو پلاسٹی کر کے شریان میں ایک سٹنٹ ڈال دیا ہے، میں اب ہسپتال سے ڈسچارج ہو چکا ہوں اور خیریت سے ہوں، دوست احباب اور کرم فرما پریشان نہ ہوں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ دعاؤں اور نیک تمناؤں کے لئے میں تمام احباب کا شکر گزار ہوں۔یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں بھی خواجہ سعد رفیق کو دل کی دھڑکن تیز ہونے پر پی آئی سی منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے تھے تاہم ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ بہتر آنے پر انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا اور ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں۔ستاروں کی روشنی میں آپ کا آج (جمعرات) کا دن کیسا رہے گا ؟















