اہم خبریں

عازمین حج کی تربیت اور خدمت کے لیے تمام تیاریاں مکمل

اسلام آباد (اے بی این نیوز)وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعلان کیا ہے کہ عازمین حج کی تربیت اور خدمت کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور حکومت اس سال حج آپریشن کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام عازمین کو یکساں اور معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی تاکہ وہ اطمینان اور سہولت کے ساتھ اپنے مذہبی فرائض ادا کر سکیں۔

سردار یوسف کے مطابق اس سال 800 خدام الحجاج کا انتخاب کیا گیا ہے اور یہ عمل نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے شفاف انداز میں مکمل کیا گیا۔ ان خدام الحجاج کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے تاکہ وہ سعودی عرب میں عازمین کی رہنمائی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر امور میں مؤثر معاونت کر سکیں۔ حج کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت مکمل کرنے والے خدام الحجاج میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

خواتین عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے فی میل اسٹاف کی تعداد 45 سے بڑھا کر 85 کر دی گئی ہے تاکہ خواتین حجاج کو بہتر معاونت اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ گزشتہ سال سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان کو بہترین انتظامات پر ایکسی لینسی ایوارڈ سے نوازا گیا، جو حکومتی کاوشوں کا اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناظمین پاکستان سے ہی عازمین کے ساتھ روانہ ہوں گے اور حج کے تمام مراحل میں ان کے ہمراہ رہیں گے۔ عازمین حج سفر کے اختتام پر اسی دستے کے ساتھ وطن واپس پہنچیں گے، جس سے انتظامی تسلسل اور سہولت برقرار رہے گی۔ حکومت کا مقصد ہے کہ حج کے پورے عمل کو منظم، شفاف اور عازمین کے لیے آسان بنایا جائے۔

مزید پڑھیں :عمران خان سے تین مرتبہ ڈیل کی کوشش کی،پی ٹی آئی کا اہم ترین راہنما بھی شامل،رانا ثناءاللہ کے انکشافات

متعلقہ خبریں