اسلام آباد(رضوان عباسی)پاکستان نے بھارتی آبی جارحیت کے تناظر میں مؤثر واٹر سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت پانی کی قلت پر قابو پانے اور ملک بھر میں چھوٹے آبی ذخائر کی تعمیر کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ اکائیوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پانی کی قلت سے نمٹنے اور چھوٹے آبی ذخائر کی تعمیر پر قومی سطح پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے گا، تاکہ مستقبل کے آبی چیلنجز کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے مشیر رانا ثناء اللہ کو اہم ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشیر رانا ثناء اللہ وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی اور اتفاقِ رائے سے متعلق امور انجام دیں گے، جبکہ صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت سے مشاورت کے بعد وفاقی حکومت آئندہ اقدامات پر آگے بڑھے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے صوبوں کو اعتماد میں لینے کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ پہلے سے جاری آبی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف پانی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ قومی واٹر سیکیورٹی کو بھی مضبوط بنایا جا سکے گا۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کا پاکستان ہاکی میں بدانتظامی کا نوٹس















