اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وفاقی وزیرتوانائی اویس لغاری نے رمضان المبارک میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وفاقی وزیر پاور کی ہدایت پر پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک سمیت تمام بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے ایس او پیز (SOPs) بھی جاری کر دیے ہیں۔
وفاقی وزیر نے تمام ڈسکوز (ڈسٹری بیوشن کمپنیز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ بجلی صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کریں اور ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول روم قائم کریں تاکہ کسی بھی مسئلے کا فوری حل نکالا جا سکے۔ خاص طور پر ہائی لاسز والے علاقوں میں اویس لغاری نے بجلی چوری کے انسداد کے لیے مہم کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق یہ فیصلے بقایاجات اور نقصانات میں اضافے کو روکنے کے مقصد سے کیے گئے ہیں۔ رمضان میں زیادہ نقصانات والے علاقوں میں سحر و افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، اور لوڈ مینجمنٹ کو سحر و افطار کے علاوہ دیگر اوقات میں ایڈجسٹ کیا جائے گا تاکہ صارفین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔مزید یہ کہ ڈسکوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے اجتناب کریں تاکہ عوام کو کسی قسم کی غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں :چاند دیکھنے کا اجلاس آج منعقد،پہلے روزہ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی















