اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے احتجاج کے لیے ایک نیا طریقہ اپنانا شروع کر دیا ہے، جس میں اہم شاہراہوں کو بند کیا جاتا ہے اور پولیس کی آمد سے قبل کارکنان موقع سے فرار ہو جاتے ہیں۔ اس احتجاجی حکمت عملی کو اسلام آباد کے گردونواح میں نافذ کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر اسے مؤثر سمجھا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی اسلام آباد کے ریجنل صدر عامر مغل کے مطابق، اس طریقہ احتجاج میں چند نوجوان موٹر سائیکلوں پر ماسک پہن کر کسی اہم مقام پر پہنچتے ہیں۔ وہاں وہ ٹریفک روکنے کے لیے ٹائر بچھاتے ہیں اور ان پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دیتے ہیں، جس سے سڑکیں بند ہو جاتی ہیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔ احتجاج کے مقام سے تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر پہلے مخبر تعینات کیے جاتے ہیں جو پولیس کی آمد کی اطلاع دیتے ہیں، اور یہ اطلاع ملتے ہی احتجاج کرنے والے فوری طور پر وہاں سے غائب ہو جاتے ہیں۔ اس طرح پولیس نہ تو مظاہرین کو دیکھ پاتی ہے اور نہ ہی یہ معلوم ہو پاتا ہے کہ احتجاج کس نے کیا۔
گزشتہ رات بھی مرکزی صدر آئی ایس ایف پاکستان کے سربراہ امجد شاہ اور اسلام آباد کے جوانوں نے اسی طریقہ کار کے تحت ایکسپریس ہائی وے بند کر دی، ٹائر جلا کر سڑک پر رکاوٹ پیدا کی اور اپنا جھنڈا لہرایا۔ پولیس کی آمد سے قبل وہ وہاں سے چلے گئے۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کیلئے اچھی خبر،اڈیالہ جیل میں فیملی کو ملاقات کی اجازت مل گئی،جا نئے تفصیلات















