کراچی(اے بی این نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم کی سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ سے شادی کے بعد ان کی سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق کی جانب سے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔
ثانیہ اشفاق نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ دسمبر 2023 میں لاہور میں ان کا اسقاطِ حمل کروایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام عماد وسیم کی جانب سے کروایا گیا اور ان کے پاس اس حوالے سے ویڈیو ثبوت بھی موجود ہے۔
اپنی پوسٹ میں ثانیہ اشفاق نے مزید کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک قاتل اور دھوکے باز کو موقع دیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کا بائیکاٹ کیا جائے کسی بھی قاتل اور دھوکے باز کو فرار نہیں ہونا چاہیے۔
عماد وسیم یا اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے لکھا کہ میں نے اپنی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک کا سامنا کیا جب میری شادی کامیاب نہ ہو سکی۔ اس کے باوجود اُس دور نے مجھے میری زندگی کی سب سے بڑی نعمتیں عطا کیں، یعنی میرے بچے۔ میں ان سے لفظوں سے بڑھ کر محبت کرتا ہوں، اور یہ محبت کبھی کم نہیں ہوگی۔
عماد وسیم نے کہاکہ میں ضرورت سے زیادہ عرصہ تک امید کا دامن تھامے رہا اور اُن چیزوں کو بچانے کی کوشش کرتا رہا جو میرے لیے سب سے زیادہ اہم تھیں۔ اس دوران میں نے کچھ ایسے فیصلے کیے جن پر مجھے افسوس ہے۔
’میری تاخیر اور خاموشی نے ایک ایسی صورتحال پیدا کی جس میں ایک بے گناہ شخص کو ناحق تنقید اور فیصلوں کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وہ مستحق نہیں تھی۔ میں اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور سچے دل سے اس بوجھ کو تسلیم کرتا ہوں۔‘
انہوں نے کہاکہ اللہ کے فضل اور اپنے والدین کی رہنمائی سے میں نے اب نائلہ سے شادی کر لی ہے۔ یہ قدم سوچ سمجھ کر اور واضح ارادے کے ساتھ اٹھایا گیا ہے تاکہ ایک ایسی زندگی کی بنیاد رکھی جا سکے جو سکون، استحکام اور باہمی احترام پر قائم ہو۔
انہوں نے لکھا کہ نائلہ نے میری زندگی میں ٹھہراؤ، وقار اور مضبوطی پیدا کی ہے، اور میں اپنے اس فیصلے پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔
واضح رہے کہ کرکٹر عماد وسیم نے چند ماہ قبل اپنی پہلی بیوی ثانیہ عاشق کو طلاق دی تھی۔ ثانیہ عاشق نے اس وقت عماد وسیم کی مبینہ گرل فرینڈ نائلہ راجہ کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی وجہ سے ہمارے رشتے میں خلل آیا ہے۔
مزید پڑھیں۔تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی















