اہم خبریں

شاہد آفریدی غصے میں آ گئے، شاہین، بابر اور شاداب کو باہر بٹھادینے کی بات کہہ دی

لاہور(اے بی این نیوز)قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے گزشتہ روز پاک بھارت میچ میں پاکستان کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سینیئر کھلاڑیوں کو آرام اور نوجوانوں کو موقع دینے کا مطالبہ کر دیا۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی بیٹنگ نے مکمل طور پر مایوس کیا۔ ان کے مطابق مومینٹم ابتدا ہی سے بھارت کے پاس چلا گیا تھا اور اس کا اثر پاکستانی بیٹنگ پر واضح نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب وہ کھیلتے تھے تو ٹیم کی بولنگ مضبوط ہوتی تھی جبکہ اوپر کے بیٹسمین ذمہ داری لیتے، اوور کھیلتے اور دباؤ کو برداشت کرتے تھے۔

شاہد آفریدی نے واضح طور پر کہا کہ اگر فیصلہ ان کے ہاتھ میں ہو تو وہ شاہین شاہ آفریدی، بابر اعظم اور شاداب خان کو بھی کچھ عرصے کے لیے باہر بٹھا کر نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے انہی سینیئرز کو دیکھ رہے ہیں، لیکن اہم مواقع پر توقعات پوری نہیں ہوتیں، اس لیے جونیئر کھلاڑیوں کو اعتماد اور مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں شعیب ملک، محمد حفیظ اور عبدالرزاق جیسے آل راؤنڈرز موجود ہوتے تھے، لیکن ٹاپ آرڈر خالص بیٹسمینوں پر مشتمل ہوتا تھا جو اننگز کو سنبھالتے تھے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر مخالف ٹیم اچھی بولنگ کر رہی ہو تو بیٹسمین کو وقت لینا چاہیے، پہلی ہی گیند سے غیر ضروری شاٹس کھیلنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

لیڈرشپ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کپتان خود غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر آؤٹ ہو جائے تو اس کا منفی اثر پوری ٹیم پر پڑتا ہے۔ اگر ابتدائی 6 اوورز میں 3 اہم بیٹسمین پویلین لوٹ جائیں تو ڈریسنگ روم کی فضا متاثر ہوتی ہے اور باڈی لینگویج وہیں سے گرنا شروع ہو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ کارکردگی کے تناظر میں بعض نوجوان کھلاڑی سینیئرز سے بہتر ثابت ہو سکتے ہیں، اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔

مزید پڑھیں۔موٹر سائیکل سوار مسلح افراد کے حملے میں 32 افراد ہلاک

متعلقہ خبریں