اہم خبریں

پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری،کے پی ہائوس کے باہر مزید قیدی وینیں بھی پہنچا دی گئیں

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون میں پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے، جہاں تین مختلف مقامات پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔پارلیمنٹ کے احاطے میں جاری دھرنے کی قیادت قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کر رہے ہیں۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس بھی دھرنے میں شریک ہیں۔پارلیمنٹ کے باہر موجود مظاہرین میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی شامل ہیں۔تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان حسین یوسفزئی کے مطابق مظاہرین محدود وسائل پر گزارا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھانے کیلئے صرف کھجوریں اور بسکٹ موجود ہیں جبکہ پینے کا صاف پانی ختم ہو چکا ہے اور پارلیمنٹ کے نلکوں کا پانی استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ بعض سینیٹرز کی ادویات بھی ختم ہو چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی جانب سے سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، جبکہ اپوزیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے کسٹوڈینز نے اپنے ارکان کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔دوسری جانب خیبرپختونخوا ہاؤس کے مرکزی دروازے پر بھی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں دھرنا جاری ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں بھی پی ٹی آئی کے ارکان موجود ہیں۔شاہراہ دستور میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ ناکوں پر موجود بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ خیبرپختونخوا ہاؤس کے باہر مزید قیدی وینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں، جس سے سیکیورٹی صورتحال مزید سخت ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں :پیٹرول 5 روپے ،ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 32 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا

متعلقہ خبریں