اہم خبریں

گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ، جنوبی اضلاع کے لیے اہم ہدایات جاری

پشاور (اے بی این نیوز         ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں کل رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کرم، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 16 اور 17 فروری کو ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس کے باعث فصلوں اور کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ادارے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

حکام نے حساس اور کمزور علاقوں میں اضافی عملہ اور مشینری تعینات کرنے، مین شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کو ہر صورت ٹریفک کے لیے کھلا رکھنے اور شہریوں کو پانی و اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر پیشگی حفاظتی اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور و زیر تعمیر عمارتوں، سائن بورڈز، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات سے اجتناب کرنے اور لینڈ سلائیڈنگ و اربن فلڈنگ کے خدشے کے باعث نکاسی آب کا نظام صاف رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں :ٹی 20،رن ریٹ نے پاکستان کی پریشانی بڑھا دی،سپر ایٹ میں شمولیت مسئلہ بن گیا

متعلقہ خبریں