اسلام آباد (رضوان عباسی )وفاقی حکومت کے قرضوں میں نمایاں اضافہ سامنے آ گیا ہے۔ اے بی این نیوز کی جانب سے حاصل کی گئی سرکاری دستاویزات کے مطابق موجودہ حکومت کے پہلے 22 ماہ کے دوران وفاقی قرضوں میں مجموعی طور پر 13 ہزار 719 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔اے بی این نیوز نے سرکاری دستاویزات حاصل کر لیں
دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت کے قرضوں میں یہ اضافہ مارچ 2024 سے دسمبر 2025 کے دوران ریکارڈ کیا گیا۔ اس عرصے میں مرکزی حکومت کے مقامی قرضے میں 12 ہزار 687 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ اسی مدت کے دوران بیرونی قرضہ ایک ہزار 31 ارب روپے بڑھا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 تک وفاقی حکومت کا مجموعی قرضہ 78 ہزار 529 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ فروری 2024 تک وفاقی قرضوں کا حجم 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ فروری 2024 تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42 ہزار 675 ارب روپے تھا، جو دسمبر 2025 تک بڑھ کر 55 ہزار 364 ارب روپے ہو گیا۔ اسی طرح فروری 2024 تک بیرونی قرضہ 22 ہزار 134 ارب روپے تھا، جو دسمبر 2025 تک بڑھ کر 23 ہزار 166 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق قرضوں میں اس تیز رفتار اضافے سے نہ صرف مالیاتی دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے بلکہ آئندہ بجٹ اور عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں.
مزید پڑھیں :عمران خان کو دو ماہ تک اڈیالہ سے کہاں منتقل کیا جائیگا،وزیر داخلہ نے بتا دیا،جا نئے تفصیلات















