اہم خبریں

سپریم کورٹ سے پی ٹی آئی کیلئے اچھی خبر،اگلے چار دن اہم،باقاعدہ ہدایت جاری،جا نئے تفصیلات

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے انہیں آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطے کی سہولت فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

سماعت کے دوران اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو روسٹرم پر طلب کیا گیا۔ عدالت میں فرینڈ آف دی کورٹ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹس پیش کی گئیں جنہیں عدالت نے ایک جیسا قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں حفاظتی انتظامات اور فراہم کردہ خوراک پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم طبی سہولیات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ماہر امراض چشم تک رسائی کی درخواست کی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان اس وقت ریاستی تحویل میں ہیں اور ان سمیت تمام قیدیوں کو یکساں طبی سہولیات ملنی چاہییں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالت ہرگز یہ نہیں کہے گی کہ انہیں دیگر قیدیوں کے مقابلے میں نمایاں یا اضافی سہولیات دی جائیں، قانون سب کے لیے برابر ہے اور سب کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ماہر آنکھوں کے ڈاکٹروں تک رسائی دینے کے لیے تیار ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ جلد از جلد یہ سہولت فراہم کی جائے اور ساتھ ہی بانی پی ٹی آئی کو بچوں سے ٹیلیفونک رابطے کی اجازت بھی دی جائے۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ دو سے تین روز میں انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے اور 16 فروری تک عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جسے عدالتی حکم نامے کا حصہ بنا دیا گیا۔

فرینڈ آف دی کورٹ سلمان صفدر نے استدعا کی کہ آنکھوں کے معائنے کے دوران کسی فیملی ممبر کو موجود رہنے کی اجازت دی جائے، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کر دی۔ کتابوں کی فراہمی سے متعلق درخواست پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ڈاکٹرز اجازت دیں تو کتابیں فراہم کی جا سکتی ہیں، کیونکہ اس وقت آنکھوں کا مسئلہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ صحت کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور اگر کوئی قیدی مطمئن نہیں تو ریاست کو مناسب اقدامات کرنا ہوں گے۔ سماعت کے اختتام پر عدالت نے آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی اور بچوں سے رابطے کی سہولت فراہم کرنے کی باقاعدہ ہدایت جاری کر دی۔

مزید پڑھیں :عمران خان کی بینائی شدید متاثر، مجرمانہ غفلت برتی گئی،طبی رپورٹ نہایت تشویشناک اور خطرناک ہے،سہیل آفریدی

متعلقہ خبریں