اہم خبریں

پی ٹی آئی کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا،مولانا فضل الرحمان

چار سدہ (اے بی این نیوز)جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبہ خیبر پختونخوا کے درمیان ورکنگ ریلیشن قائم ہونا چاہیے، کیونکہ سیاست جماعتیں کرتی ہیں اور حکومت عوام کے مسائل حل کرتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کوئی صوبہ وفاق کی مدد کے بغیر عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور وزیر اعظم کی ملاقات 3 ماہ قبل ہونی چاہیے تھی۔ مولانا فضل الرحمان نے امریکہ کی عالمی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پوری دنیا میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ اپنی بادشاہت قائم رکھ سکے، اور اس کی خواہش ہے کہ ایران اور افغانستان غیر مستحکم رہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ “پی ٹی آئی کے کنٹینر میں مجھے تیل نظر نہیں آ رہا” اور قومی وحدت و اطمینان کے لیے ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کے نتائج بدلنا اب کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں رہی اور غلط چیزوں کے خلاف اکثر خطرناک ردعمل آتا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے نتیجے میں بننے والی حکومتیں صرف دعوے کر سکتی ہیں، کام نہیں، اور یہ حکومت نہ امن و امان لا سکتی ہے نہ معاشی استحکام فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے اور موجودہ حکومت بھیک مانگ کر گزارہ کر رہی ہے۔ ایف ٹی ایف اور عالمی مالیاتی اداروں نے پاکستان کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کے حقوق کی بات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

مزید پڑھیں :نواز شریف کو جو ریلیف دیا گیا تھا، عمران خان کو بھی وہی ملنا چاہیے، شفیع جان

متعلقہ خبریں