ڈی آئی خان ( اے بی این نیوز ) ڈی آئی خان میں تھانہ پنیالہ کی حدود میں دہشتگردوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایس ایچ او فہیم ممتاز خان اور دیگر تین اہلکار شہید ہو گئے۔ اس دوران ڈی ایس پی پہاڑپور عدنان بھی شدید زخمی ہوئے اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اہلکار معمول کے گشت پر تھے کہ اچانک دہشتگردوں نے حملہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو قابو پانے کی کوشش کی، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لیے اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے وانڈھا بڈھ میں پولیس پر دہشتگردوں کے حملے کے واقعے پر سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گہرے افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔واقعے میں ایس ایچ او پنیالہ فہیم ممتاز اور تین دیگر پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ ڈی ایس پی حافظ عدنان سمیت دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہداء نے وطن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور زخمی افسران کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے بھی حملے پر افسوس کا اظہار کیا، ضلع پہاڑپور میں پولیس کانوائے پر حملے کی رپورٹ طلب کی، اور زخمی افسران کو ہر ممکن طبی امداد کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔دونوں رہنماؤں نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔
مزید پڑھیں :ٹی 20 ورلڈ کپ ، آسٹریلیا نے آئرلینڈ کو شکست دے دی















