لاہور (اے بی این نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کی تین ہزار سے زائد بیٹیاں اسپورٹس گالا میں شریک ہیں اور ہر ضلع و تحصیل سے نوجوان کھلاڑی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں قیادت کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور عورت ملک، صوبہ اور ادارے چلانے کی بھرپور اہلیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی بیٹیاں کسی سے کم نہیں بلکہ ہر میدان میں آگے ہیں۔ باکسنگ سے کرکٹ تک بیٹیاں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور بیٹیاں میدانِ کھیل میں بیٹوں کو ٹف ٹائم دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صلاحیت اور میرٹ میں بیٹیاں کسی سے کم نہیں۔
مریم نواز نے اعلان کیا کہ 2026 کو یوتھ کا سال قرار دیا گیا ہے اور چیف منسٹر یوتھ پورٹل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے نوجوان اپنے آئیڈیاز اور تجاویز براہ راست حکومت تک پہنچا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلتا پنجاب کو یونین کونسل لیول تک لے جایا جائے گا جبکہ 2026 میں اسپورٹس سٹی کی تعمیر بھی شروع کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کا ہدف صرف سڑکیں بنانا نہیں بلکہ نوجوانوں کے خواب پورے کرنا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بیٹیوں کو اپنے خواب پورے کرنے کی اجازت دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر بیٹی خود کو پنجاب میں محفوظ سمجھے، حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو محدود کرنے والی سوچ ناقابل قبول ہے اور یہ سرزمین باصلاحیت اور بہادر بیٹیوں سے مالا مال ہے۔ پنجاب کی بیٹیاں ملک کا دفاع بھی کر رہی ہیں اور پاکستان کا پرچم کبھی جھکنے نہیں دیں گی۔
مریم نواز نے تمام کھلاڑیوں کے لیے دو کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ نوجوان نسل ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عزم مضبوط ہو تو کوئی میدان بڑا نہیں رہتا۔
انہوں نے بسنت کے موقع پر شہریوں کی جانب سے قانون کی پاسداری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانچ بجے کے بعد آسمان پر ایک پتنگ بھی نظر نہیں آئی اور لاہور میں سیفٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کی مثال قائم کی گئی، موٹر سائیکل سواروں نے حفاظتی راڈ کا استعمال یقینی بنایا۔
مزید پڑھیں :ٹی 20 ورلڈکپ: جنوبی افریقا اور افغانستان میں کانٹے کا مقابلہ، پروٹیز دوسرے سپراوور میں فاتح















