لاہور (اے بی این نیوز)لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پی ایس ایل اور ٹیم ملتان کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں جو تنازعہ پیدا ہوا وہ بنیادی طور پر بنگلہ دیش کے معاملے سے متعلق تھا اور اس پر تمام توجہ دی جا رہی ہے۔ محسن نقوی کے مطابق آئی سی سی اور بنگلہ دیش کے درمیان بات چیت جاری ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ انتظار کر رہا ہے کہ آئی سی سی اس معاملے پر کیا موقف اختیار کرتی ہے۔
پی ایس ایل کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی مارکیٹ مسلسل بڑھ رہی ہے اور امید ہے کہ یہ لیگ ہر سال بہتر سے بہتر ہوگی۔ انہوں نے ذکر کیا کہ کچھ لوگ پہلے یہ کہہ رہے تھے کہ فرنچائز کی قیمت ایک ارب سے زیادہ نہیں جائے گی، لیکن ٹیم ملتان کی نیلامی ڈھائی ارب روپے میں ہوئی، جس سے پی ایس ایل کی اہمیت اور مقبولیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
محسن نقوی نے ٹیم ملتان کے نئے مالک ولی ٹیک کو فرنچائز خریدنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اب پی ایس ایل کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بڑے برانڈ کے طور پر فروغ دینا ہمارا ہدف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل پلیئرز بھی لیگ میں شامل ہو رہے ہیں، جو پی ایس ایل کی عالمی سطح پر پہچان اور مارکیٹ کو مزید بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پی ایس ایل کی اس کامیابی اور فرنچائز کی بڑھتی ہوئی قیمت سے واضح ہوتا ہے کہ لیگ نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی کرکٹ کے بڑے برانڈز میں شمار ہونے لگی ہے۔
مزید پڑھیں :پنجاب حکومت کاایک لاکھ روپے دینے کا اعلان،جا نئے کس کس کو ملے گا















