اہم خبریں

یوٹیوبر ڈکی بھائی اور اہلیہ عروب جتوئی پر فرد جرم عائد

لاہور(اے بی این نیوز) لاہور کی مقامی عدالت نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر ملزمان پر جوئے کی تشہیر سے متعلق کیس میں فردِ جرم عائد کر دی، تاہم ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف آن لائن جوئے کی پرموشن کے کیس کی سماعت ہوئی، ڈکی بھائی، ان کی اہلیہ عروب جتوئی اور دیگر شریک ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے مقدمے کی کارروائی مکمل کرتے ہوئے باقاعدہ طور پر فردِ جرم عائد کی، جس پر تمام ملزمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بے گناہی کا دعویٰ کیا۔

عدالتی کارروائی کے دوران جوڈیشل مجسٹریٹ نے استغاثہ کے مؤقف اور مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد کیس کو ٹرائل کے مرحلے میں داخل کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے آئندہ مرحلے کے لیے مقدمے کے گواہوں کو 23 فروری کو طلب کر لیا، تاکہ استغاثہ اپنے شواہد پیش کر سکے اور کیس کی مزید سماعت آگے بڑھائی جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ مقدمہ این سی سی آئی اے کی جانب سے درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مختلف آن لائن جوئے کی ویب سائٹس اور ایپلیکیشنز کی تشہیر کی، جو پاکستان کے قوانین کے تحت غیر قانونی تصور کی جاتی ہیں۔ ایف آئی اے کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جوئے کی تشہیر نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ نوجوانوں کو اس لت کی طرف راغب کرنے کا سبب بھی بنتی ہے۔

مزید پڑھیں۔جنوبی کوریا: فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک

متعلقہ خبریں