کوئٹہ ( اے بی این نیوز )بلوچستان میں میٹرک کے امتحانات 10 فروری 2026 سے شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ صوبے بھر میں امتحانی عمل مقررہ تاریخ کے مطابق شروع ہوگا اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران نقل اور بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شفاف امتحانی نظام یقینی بنانے کے لیے پولیس، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ تعلیم باہمی اشتراک سے کام کریں گے تاکہ طلبہ کی محنت کا پورا حق ادا ہو سکے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں اصلاحات پر سنجیدگی سے عمل کر رہی ہے اور میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شفافیت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق امتحانات کے دوران تمام مراکز پر سخت نگرانی رکھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو ہر سطح پر کرپشن سے پاک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور تعلیم کے شعبے میں بدعنوانی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حالیہ سکیورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ہونے والی خونریز کارروائیوں کو پاکستان کی مسلح افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا، جس کے بعد صورتحال قابو میں ہے اور امتحانات کے انعقاد میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
حکومتی اعلان کے بعد والدین، طلبہ اور تعلیمی حلقوں میں امتحانی تیاریوں کا سلسلہ مزید تیز ہو گیا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز پر سکیورٹی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں :سونے اور چاندی بارے بابا ونگا کی پیشین گوئی ،جو حقیقت ثابت ہو رہی ہے،جا نئے تفصیلات















