دوحہ (اے بی این نیوز) قطر نے سرمایہ کاروں اور ہنر مند افراد کیلئے طویل مدتی ویزا اسکیم کا اعلان کر دیا ہے۔
خلیجی ریاست قطر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ماہر پیشہ ور افراد کو متوجہ کرنے کے لیے 10 سالہ طویل قیام کا نیا ویزا پروگرام متعارف کرا دیا ہے، اس سہولت سے پاکستانی شہری بھی مستفید ہو سکیں گے جس سے بیرون ملک کاروبار اور روزگار کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔
قطری حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت منتخب افراد کو دس برس تک رہائش کی اجازت، کاروباری سرگرمیوں کی سہولت اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، درخواست دہندگان کو مالی استطاعت، پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے سے متعلق مقررہ معیار پر لازمی پورا اترنا ہوگا ورنہ درخواست منسوخ کردی جائے گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قطر کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد معیشت کو تیل و گیس سے آگے بڑھاتے ہوئے مختلف شعبوں میں وسعت دینا ہے۔ اس طرح کی اسکیمیں عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرتی ہیں اور ملک میں نئی صنعتوں اور روزگار کے مواقع کو فروغ دیتی ہیں۔
مزید پڑھیں: افغانستان انتہا پسندی کا گڑھ بن گیا، عالمی تجزیہ کاروں کا سخت انتباہ















