کراچی (اے بی این نیوز)سابق وفاقی وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ شہباز شریف 2027 تک وزیراعظم کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کا خاتمہ اور وہاں کے عوام کو ان کے جائز حقوق دینا ناگزیر ہے۔
انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے تو غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے؟ ان کے مطابق آئی ایم ایف کے قرضوں پر قائم نظام کو معاشی استحکام نہیں کہا جا سکتا۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک میں حقیقی معاشی استحکام موجود نہیں، ان کی جماعت نجکاری کے حق میں ہے جبکہ بجلی اور گیس چوری کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سرکاری اداروں میں بدعنوانی جاری ہے اور موجودہ حکومت نے عوام کے مفاد میں کوئی مؤثر قانون منظور نہیں کیا۔
سابق وزیر خزانہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسے تجربات ناکام ثابت ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرف دور کی طرح مضبوط بلدیاتی نظام ہی مسائل کا حل ہے۔
مزید پڑھیں: پہلی بار پہلی ششماہی میں سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کا انکشاف















