لاہور (اے بی این نیوز)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف فہیم اشرف کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
پاکستان نے نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔ 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں فہیم اشرف نے آخری لمحات میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں پاکستان نے ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔
میچ کے بعد سعید اجمل نے فہیم اشرف کی تعریف کرتے ہوئے کہا:’تھینک یو رانا صاحب، ورنہ ہم شاید بھارت کے ساتھ کھیلنے کا سوچ ہی لیتے۔‘
سعید اجمل کے اس بیان کو شائقین کرکٹ نے فہیم اشرف کی میچ وننگ کارکردگی کا اعتراف قرار دیا، جبکہ سابق کھلاڑیوں کی جانب سے بھی ان کی بیٹنگ کو سراہا گیا۔
مزید پڑھیں:فیصل رضا عابدی کا عمران خان سےمتعلق بڑا دعویٰ، جانیں اہم تفصیلات















