اہم خبریں

فیصل رضا عابدی کا عمران خان سےمتعلق بڑا دعویٰ، جانیں اہم تفصیلات

ٹوکیو (اے بی این نیوز) سابق سینیٹر اور معروف سیاسی شخصیت سید فیصل رضا عابدی نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے دوران انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، قید کیا گیا اور زہر دیا گیا جس کی وجہ سے وہ مر رہے ہیں۔

ٹوکیو میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا کہ آج عمران خان خود جیل میں ہیں اور یہ سب ان کے اعمال کا نتیجہ ہے۔

سید فیصل رضا عابدی نے کہا کہ ان کے دل سے لعنت ہے کہ جو کچھ ان کے ساتھ اور ان جیسے لوگوں کے ساتھ ہوا اللہ تعالیٰ عمران خان کے ساتھ بھی وہی کرے اور آج وہ ہزاروں مظلوموں کی لعنتوں کے نتیجے میں سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے تاہم حقائق قوم کے سامنے لانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور ملک کو درپیش بحرانوں پر قابو پانے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق اس سیاسی استحکام کے عمل میں پی ٹی آئی کو بھی شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ یہ ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جس کو نظر انداز کرنا جمہوری اقدار کے خلاف ہے۔

سابق سینیٹر نے کہا کہ عمران خان کو جو سزا ملنی تھی وہ بھگت چکے ہیں، اب انہیں رہائی کے بعد دوبارہ سیاست میں آنے کا موقع دیا جائے تاکہ سیاسی کشیدگی کم ہو اور جمہوری عمل کو تقویت مل سکے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ کسی ایک پارٹی یا لیڈر کو دیوار سے لگانے سے ملک یا جمہوریت کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔

آخر میں سید فیصل رضا عابدی نے تمام سیاسی قوتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں رواداری، مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ اختیار کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل سیاسی ہم آہنگی سے جڑا ہے۔
مزید پڑھیں‌:آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ٹرائل کا فورم فوجی عدالتیں ہی ہیں: وزیر قانون

متعلقہ خبریں