اہم خبریں

ٹرمپ نے انوکھی ویڈیو جاری کر دی،امریکہ میں سیاسی ہنگا مہ برپا

واشنگٹن ( اے بی این نیوز    )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سابق صدر بارک اوباما اور سابق خاتونِ اول مشعل اوباما کے خلاف ایک تضحیک آمیز ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد امریکا میں شدید سیاسی اور سماجی ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ اس ویڈیو کو نسل پرستانہ اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے جبکہ صدر ٹرمپ پر تنقید کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شب اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر یہ مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں بارک اوباما اور مشعل اوباما کو جنگل میں بندروں کی شکل میں دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو کے اختتام پر اوباما جوڑے کی اصل تصاویر کو بندروں کے جسموں پر فِٹ کیا گیا، جسے سیاہ فام افراد کے خلاف واضح تضحیک اور نسل پرستی کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کا مواد امریکی معاشرے میں نفرت اور تعصب کو مزید ہوا دینے کے مترادف ہے۔

ویڈیو میں 2020 کے صدارتی انتخابات سے متعلق بے بنیاد الزامات بھی شامل ہیں جن میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ووٹنگ مشینوں کے ذریعے انتخابی نتائج چرائے گئے۔ ویڈیو کے پس منظر میں چند لمحوں کے لیے معروف گانا ’’دی لائن سلیپس ٹونائٹ‘‘ بھی سنائی دیتا ہے، جسے ناقدین نے مواد کو مزید توہین آمیز بنانے کی کوشش قرار دیا ہے۔

ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹِم اسکاٹ، جو امریکی سینیٹ میں واحد سیاہ فام ری پبلکن سینیٹر ہیں، نے ویڈیو کو کھلے الفاظ میں نسل پرستانہ قرار دیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر یہ پوسٹ ہٹائیں۔ ٹِم اسکاٹ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وائٹ ہاؤس سے اس نوعیت کا اس قدر توہین آمیز اور نفرت انگیز مواد انہوں نے اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا، اور اس سے امریکا کی عالمی ساکھ کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’جعلی غصہ‘‘ قرار دیا اور صدر ٹرمپ کے اقدام کا دفاع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محض سیاسی مخالفت کا تسلسل ہے اور اس معاملے کو بلاوجہ بڑھایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کی 8 فروری کی پہیہ جام ہڑتال،مولانا فضل الرحمن نے مکمل حمایت کا اعلان کر دیا

متعلقہ خبریں