اہم خبریں

بسنت کی تقریبات منسوخ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )اسلام آباد میں امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے موقع پر اپنی تمام مصروفیات ترک کر دیں۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں جاری بسنت بہار کی تقریبات کے تناظر میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لبرٹی چوک پر ہونے والا بسنت فیسٹیول بھی منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی۔ مریم نواز نے واضح کیا کہ ایسے افسوس ناک قومی سانحات کے وقت خوشیوں کی کوئی گنجائش نہیں اور پوری قوم شہداء کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ترلائی کلاں دھماکا،وزیراعلیٰ پنجاب نےبسنت کی تقریبات منسوخ کردیں

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور خوارج و شرپسند عناصر کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور ہر پاکستانی کندھے سے کندھا ملا کر سیکیورٹی فورسز کا ساتھ دے رہا ہے۔ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم کا اتحاد ہی دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی طاقت ہے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوس ناک خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بسنت کے موقع پر ہونے والی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں لبرٹی چوک پر ہونے والا میگا شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس کٹھن وقت میں ریاست متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایسے قومی سانحات کے دوران خوشیوں کی تقریبات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ حکومتِ پنجاب نے یہ فیصلہ عوامی جذبات اور قومی یکجہتی کے پیش نظر کیا ہے تاکہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے اور زخمیوں کے لیے یکسوئی کے ساتھ توجہ دی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے ذریعے قوم کے حوصلے پست کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کو سب سے زیادہ تکلیف یہی ہے کہ ملک کا مثبت اور روشن چہرہ دنیا کے سامنے نہ آئے، مگر ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ قوم پہلے سے زیادہ مضبوطی کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف کھڑی ہے اور امن، ترقی اور استحکام کے سفر کو روکا نہیں جا سکتا۔

مزید پڑھیں :ایک طرف جنازے اٹھ رہے ہیں، دوسری طرف ڈھول باجوں کی گونج میں پتنگیں اڑائی جا رہی ہیں،سینیٹر فیصل واوڈا

متعلقہ خبریں