اہم خبریں

اسلام آباد، شہد ا میں والدین کا اکلوتا بیٹا اور آئی جی کا کزن بھی شامل

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   )اسلام آباد کے علاقے ترلائی کلاں میں امام بارگاہ کے باہر جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں افسوس ناک انکشاف سامنے آیا ہے کہ اس حملے میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کے قریبی عزیز اور کزن بھی شہید ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہید ہونے والا نوجوان اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا، جس سے سانحے کی نوعیت مزید دلخراش ہو گئی ہے۔

عینی شاہدین اور جائے وقوعہ پر موجود امام بارگاہ کے امام علامہ بشارت حسین امام کے مطابق دھماکے کے بعد صورتِ حال انتہائی افسوس ناک تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد خود جائے وقوعہ پر موجود رہے اور اپنے ہاتھوں سے اپنے کزن کی میت ایمبولنس میں رکھ کر اہل خانہ کے حوالے کی۔ علامہ بشارت حسین امام کا کہنا تھا کہ اہلِ علاقہ پرامن ہیں اور اس طرح کی دہشت گردانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

دھماکے کے فوری بعد اسلام آباد پولیس، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو پمز اسپتال، پولی کلینک اور دیگر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، جبکہ کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی شواہد سے یہ خودکش حملہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امام بارگاہ میں بڑی تعداد میں نمازی موجود تھے، جس کے باعث جانی نقصان زیادہ ہوا۔ سکیورٹی اداروں نے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

مزید پڑھیں :سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ،ز، نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ

متعلقہ خبریں