اہم خبریں

بلوچستان سے بڑی خبر آگئی

کوئٹہ(  اے بی این نیوز   ) کوئٹہ کے علاقے سوئی میں امن و امان سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان ہاؤس سوئی میں 25 مسلح افراد نے رضاکارانہ طور پر ہتھیار ڈال دیے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تمام افراد سوئی کشمور روڈ پر ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں، تاہم اب انہوں نے پرتشدد سرگرمیوں کو ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سرینڈر کرنے والے مسلح افراد نے اپنے زیرِ استعمال ہتھیار وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھائی آفتاب بگٹی کے حوالے کیے۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر علامتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہتھیار ڈالنے والے افراد کو قومی پرچم تھما کر خوش آمدید کہا گیا اور انہیں قومی دھارے میں واپسی کا پیغام دیا گیا۔

سرینڈر کرنے والے افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ کسی بھی مجرمانہ یا پرتشدد سرگرمی میں ملوث نہیں ہوں گے اور ایک محب وطن اور پُرامن شہری کے طور پر اپنی زندگی گزاریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے مستقبل اور علاقے کے امن کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے ساتھ چلنے اور قانون کی پاسداری کا راستہ اختیار کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان میں حکومت اور مقامی سطح پر جاری مصالحتی کوششوں کے نتیجے میں اس نوعیت کی پیش رفت ممکن ہوئی ہے، جسے علاقے میں امن کے قیام کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ جو افراد تشدد ترک کر کے قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، انہیں قانونی دائرے میں رہتے ہوئے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں :ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،نئی پیش رفت سامنے آگئی،جا نئے سری لنکا نے کیا اپیل کر دی

متعلقہ خبریں