اسلام آباد (اے بی این نیوز) شاہدرہ ڈیم سے یومیہ 10 ملین گیلن پانی ملنے سے شہریوں میں پانی کا بحران ختم ہونے کی امید ہے۔
شاہدرہ ڈیم منصوبے کے حوالے سے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر، ڈپٹی کمشنر سی ڈی اے اور اسلام آباد واٹر کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو واٹر مینجمنٹ پراجیکٹس کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ واپڈا نے شاہدرہ ڈیم پراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی کا عمل مکمل کر لیا ہے اور منصوبے کی مکمل فزیبلٹی رپورٹ سی ڈی اے کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہے۔
بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فزیبلٹی رپورٹ میں ڈیم کے لیے زمین کے حصول، پانی کی تقسیم اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سمیت دیگر ابتدائی تخمینے تیار کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ شاہدرہ ڈیم میں 25 ایکڑ رقبے پر پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی، اسی طرح یہ منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کو روزانہ 10 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کی صلاحیت کا حامل ہوگا۔ منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ کی تکمیل کے بعد تفصیلی ڈیزائن پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس منصوبے کا PC-1 تیاری کے بعد جلد ہی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ ڈیم کے لیے اراضی کے حصول سے قبل سپارکو سے باقاعدہ سروے کرایا جائے اور زمین کے حصول سے متعلق تمام معاملات کو شفاف طریقے سے اور قانونی تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ اور تفصیلی ڈیزائن کو منظوری کے لیے جڑواں شہروں کے پانی کے مسائل کے حل کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں دوتارہ ڈیم منصوبے پر بھی بات چیت کی گئی۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دوتارہ ڈیم منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ منصوبے وفاقی دارالحکومت کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، اسلام آباد میں پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
2 نوجوان شہیدمزید پڑھیں:















