لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر معاون خصوصی برائے فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن سلمیٰ بٹ کی زیر صدارت رمضان پیکج کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم حکومتی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں شامل اہم شخصیات میں چیئرمین سہولت بازار اتھارٹی ملک افضل کھوکھر، چیئرمین پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ملک احمد سعید اور سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید شامل ہیں۔
معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ رمضان سے قبل پنجاب میں 76 سہولت بازار مکمل طور پر فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو اشیائے خور و نوش سستے داموں دستیاب ہوں۔
نئے رمضان سہولت بازار قائم کرنے کے احکامات
رمضان المبارک کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہنگامی اقدامات کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 9 نئے سہولت بازار قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ نئے سہولت بازار قائم کرنے کے لیے ضلعی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں اور ٹاسک متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور سہولت بازار اتھارٹی کو سونپ دیا گیا ہے۔
سلمی بٹ نے واضح کیا کہ سہولت بازار، رمضان بازار اور سہولت ان ویلز میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں، معیار اور سپلائی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تمام بازاروں میں حکومت کی منظوری شدہ برانڈنگ کو سو فیصد یقینی بنایا جائے گا۔
یہ اقدامات اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں کہ رمضان المبارک میں عوام کو سستے داموں، معیاری اور بآسانی دستیاب اشیاء فراہم کی جائیں، اور مارکیٹ میں کسی قسم کی مصنوعی قلت یا قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ نہ ہو۔
مزید پڑھیں۔5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان















