کراچی(اے بی این نیوز )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کو مفت پلاٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ گورنر ہاؤس میں متاثرہ خاندانوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی سے ٹیکس کی مد میں خطیر رقم وصول کی جاتی ہے، لیکن بدقسمتی سے یہ وسائل خود شہر پر خرچ نہیں ہوتے، جس کے باعث ہنگامی حالات میں انتظامیہ کے پاس جانیں بچانے کے لیے بھی مناسب سہولیات موجود نہیں ہوتیں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خود کراچی کے فیصلے کریں۔ اگر وفاق اور صوبہ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے تو گورنر ہاؤس یہ کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے ساتھ مسلسل سوتیلا سلوک کیا جا رہا ہے، جس کی واضح مثال سانحہ گل پلازہ ہے۔
انہوں نے سانحے کی ہولناکیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ڈیڑھ ڈیڑھ کلو راکھ دے دی گئی، جو ایک انسانی المیے کی دردناک تصویر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان کی قیمت کا تعین ختم ہو چکا ہے اور اگر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ایسے سانحات دوبارہ ہوتے رہیں گے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی سے جمع ہونے والے ٹیکس کا پانچ فیصد بھی اگر شہر پر خرچ ہو تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ سانحے کے ذمہ دار متعلقہ حکومتی ادارے، یوسی ناظم، ٹاؤن ناظم اور میئر کراچی ہیں۔
کامران ٹیسوری نے بتایا کہ انہوں نے بلڈرز سے بات چیت کی ہے تاکہ متاثرین کو بلا معاوضہ پلاٹ فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے اور شہریوں کو اپنی آواز اٹھانے کا پورا حق حاصل ہے۔
مزید پڑھیں :طویل تعطیلات کا اعلان















