لاہور (اے بی این نیوز) لاہور میں بسنت فیسٹیول 2026 کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے عوام کی حفاظت اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس ٹیمیں (QRTs) تشکیل دے دی ہیں۔
ہر تحصیل میں عوامی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ٹیموں کے سربراہ (کنوینر) مقرر کیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹیموں میں ریسکیو 1122، لیسکو، ایل ڈی اے، واسا اور پولیس کے نمائندے شامل ہیں۔
بسنت کے دوران خطرناک اور بوسیدہ عمارتوں کی چھتوں پر پتنگ بازی پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ نے حکم دیا ہے کہ 2 فروری تک تمام خطرناک عمارتوں کا معائنہ اور فٹنس سرٹیفکیٹ مکمل کیا جائے، اور بوسیدہ عمارتوں کے مالکان سے حلف نامے لیے جائیں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے یہ ٹیمیں فعال رہیں گی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں:وزیرداخلہ محسن نقوی کا کور ہیڈ کواٹرز کوئٹہ کا دورہ















