اسلام آباد (اے بی این نیوز) اسلام آباد میں ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کی جانب سے اے بی این نیوز کی ٹیم پر تشدد کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ ٹیم کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار نے نہ صرف بدسلوکی کی بلکہ گاڑی سے گھسیٹنے کی کوشش بھی کی اور ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکیاں دیتا رہا۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس اہلکار احمد گل نے اے بی این نیوز ٹیم کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کیا، جس پر واقعے کی اطلاع اعلیٰ حکام کو دی گئی۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد نے فوری کارروائی کا حکم دیا۔
چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر پولیس اہلکار احمد گل کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ ایس پی ٹریفک کو دو دن کے اندر مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی حمزہ ہمایوں نے واقعے کو شہریوں اور میڈیا کے خلاف ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے ٹریفک پولیس اہلکار کو معطل کرنے اور باقاعدہ انکوائری شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں اور میڈیا نمائندگان کے ساتھ ایسا رویہ کسی صورت قابل قبول نہیں اور ذمہ دار اہلکار کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید پڑھیں:گوادر میں بلوچ مزدور خاندانوں پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی بربریت















