اہم خبریں

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے نسٹ کیئر کنیکٹ 2026 میں شرکت کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاکستان کے ڈیجیٹل بینکاری اور فن ٹیک شعبے کی نمایاں کمپنی ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے نسٹ کیئر کنیکٹ 2026 میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔

اس ایونٹ کے دوران ایزی پیسہ کی ٹیم ملک بھر سے آنے والے باصلاحیت اور ابھرتے ہوئے نوجوانوں سے براہِ راست رابطہ قائم کرے گی، جبکہ طلبہ کو ڈیجیٹل بینکاری اور فن ٹیک کے شعبے میں کیریئر کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی چیف ہیومن ریسورس آفیسر فرح شیخ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایزی پیسہ کو پاکستان کے نوجوانوں، بالخصوص ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل بینکاری میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ سے ملاقات پر بے حد خوشی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ڈیجیٹل معیشت کی ترقی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔

فرح شیخ نے کہا کہ نسٹ کیئر کنیکٹ جیسے پلیٹ فارمز نوجوانوں کو صنعت کے تقاضوں، جدید مہارتوں اور بدلتے ہوئے کیریئر کے رجحانات سے روشناس کرانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایزی پیسہ ایسے نوجوانوں سے ملنے کے لیے پُرجوش ہے جو فن ٹیک اور ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں جدت، تخلیقی سوچ اور مسائل کے مؤثر حل کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

چیف ہیومن ریسورس آفیسر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں اپنی مہارتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کریں تاکہ عالمی سطح پر مقابلہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل اسکلز، ڈیٹا اینالیٹکس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور سائبر سیکیورٹی جیسے شعبے مستقبل میں روزگار کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔

نسٹ کیئر کنیکٹ 2026 ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں اور معروف صنعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر رہا ہے، جہاں طلبہ کو روزگار، انٹرن شپ اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی شرکت کو فن ٹیک اور ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں کیریئر بنانے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے ایک اہم اور سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران کا امریکا سے مذاکرات پر مشروط آمادگی کا اظہار

متعلقہ خبریں