اسلام آباد ( اے بی این نیوز )چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھلے مین ہولز اور گٹروں کو کور کرنے کی باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے، جس کا مقصد شہریوں بالخصوص بچوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ اس مہم کے تحت شہر بھر میں موجود تمام کھلے اور غیر محفوظ مین ہولز کو فوری طور پر معیاری ڈھکنوں سے بند کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں کوئی بھی مین ہول نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام اداروں کے زیرِ انتظام موجود مین ہولز کو لازمی طور پر کور کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سلامتی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک تمام کھلے مین ہولز کو محفوظ طریقے سے کور نہیں کر دیا جاتا۔ اس مقصد کیلئے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں مسلسل نگرانی اور عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کہیں کھلا یا غیر محفوظ مین ہول نظر آئے تو فوری طور پر متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔ ان کے مطابق شہریوں کے تعاون سے اس مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :صنعتی شعبے کے بجلی کے بلوں میں 4.4 روپے فی یونٹ کمی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا، اویس لغاری















