راولپنڈی ( اے بی این نیوز) اڈیالہ جیل کے فیکٹری ناکے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے دھرنا دے دیا۔ سہیل آفریدی اڈیالہ روڈ پر بیٹھ گئے جبکہ ان کے ساتھ سلمان اکرم راجہ، شاہد خٹک، شوکت بسرا، مینا خان اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں۔ دھرنے میں تقریباً 100 کے قریب کارکنان اور اراکین صوبائی اسمبلی شریک ہیں۔
اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے کچھ دوست اور اراکین ملاقات کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، تاہم وہ یہ نہیں بتا سکتے کہ اس وقت کون بات چیت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ملاقات کی اجازت دی جائے، کیونکہ انسانیت کا تقاضا بھی یہی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر خرم مرزا اڈیالہ جیل آ رہے ہیں اور اگر ڈاکٹرز کو ملاقات کی اجازت دی گئی تو یہ ایک مثبت اور اطمینان بخش پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ فی الحال کوئی خوشخبری نہیں دے سکتے اور اگر ملاقات نہ کرائی گئی تو دھرنا جاری رہے گا۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹر خرم مرزا کچھ دیر میں اڈیالہ جیل پہنچ جائیں گے اور آج ملاقات کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کریں گے۔دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ملاقات اور طبی معائنے کی اجازت نہیں دی جاتی، احتجاج جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں :مین ہول میں ماں بیٹی کے ڈوبنے کا واقعہ،انتظامیہ نے پنجاب حکومت کو ماموں بنا دیا،جا نئے حیران کن انکشافات















