اسلام آباد (اے بی این نیوز )محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش متوقع ہے۔ موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر مطلع ابر آلود رہ سکتا ہے۔
پہاڑی علاقوں میں مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری متوقع ہے۔ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان اور مانسہرہ میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ اور اطراف میں بھی برفباری سے ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں بھی سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔















