امریکہ(اے بی این نیوز)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی نئی فرنچائز حیدرآباد نے کوچنگ کی ذمہ داری آسٹریلیا کے جیسن گلیسپی کو سونپ دی ہے۔
حیدرآباد ٹیم کے اونر فواد سرور نے امریکا سے نجی چینل کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ کریگ وائٹ اور گرانٹ بریڈ برن اسسٹنٹ کوچز ہوں گے۔
فواد سرور کے مطابق غیر ملکی کوچز کی تقرری سے کھلاڑیوں کو خاصہ فائدہ ہوگا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قیادت میں پاکستانی یا غیر ملکی کسی کا کوئی حق نہیں کہ نام بڑا یا سینئر پلیئر ہے تو اسے ہی ذمہ داری ملے گی، ہمارا اپنا ایک طریقہ کار ہے جس پر مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔
ٹیم اونر نے کہا کہ کپتان تو کسی کو بھی بنایا جا سکتا ہے لیکن اسے اچھا لیڈر ہونا چاہیے، جو بھی مناسب پلیئر ہوگا ہم اس کو قیادت سونپیں گے۔
فواد سرور نے کہا کہ بابر اعظم میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، اگر چانس بنا تو ہم انہیں اپنی ٹیم میں شامل کرنا چاہیں گے۔ فی الحال کسی اور کھلاڑی کے بارے میں نہیں سوچا، جب پتہ چلے گا کہ کس ٹیم نے کسے برقرار رکھا ہے تب ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آکشن سے اچھا کوئی اور اقدام ہو ہی نہیں سکتا تھا، چیئرمین پی سی بی اور مینجمنٹ نے بہترین فیصلہ کیا، ہم واحد گروپ تھے جس نے زور لگایا جس پر بعد میں دیگر کو بھی آنا پڑا۔
حیدرآباد ٹیم اونر کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام کھیلوں میں یہی طریقہ رائج ہے، آکشن سے نہ صرف پلیئرز بلکہ ٹیم اونرز کو بھی فائدہ ہوتا ہے، اگر کوئی کھلاڑی اچھا پرفارم کر رہا ہو تو اس کو اسی لحاظ سے صلہ ملتا ہے، اسی طرح اگر پلیئر جانتا ہو کہ آکشن میں جانا ہے تو اسے اضافی محنت کرنا پڑے گی۔
فواد سرور نے مزید کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ کے لیے میرے ذہن میں کئی نام ہیں لیکن ان کھلاڑیوں کی مصروفیات بھی دیکھنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کوچز اور مینجمنٹ اس پر کام کر رہے ہیں، مختلف اچھے کھلاڑیوں سے رابطے کیے گئے ہیں، البتہ ابھی میں کسی کا نام نہیں بتا سکتا کیونکہ بات چیت جاری ہے۔
مزید پڑھیں۔تعلقات میں بہتری آنے لگی، بنگلادیشی شوٹنگ ٹیم بھارت جائیگی















