بلوچستان(اے بی این نیوز)ضلع کیچ کے علاقے بالچا میں شام تقریباً ساڑھے چار سے پونے پانچ بجے کے درمیان ایک کرولا گاڑی ایک گھر کے سامنے آ کر رکی۔ گاڑی میں سوار افراد نے نرگس نامی خاتون کو زبردستی اغوا کیا اور تیزی سے موقع سے فرار ہو گئے۔
خاتون کے شوہر اور بھتیجے نے فوراً گاڑی کا پیچھا کیا اور ناصرآباد کے قریب اسے روک لیا۔ اسی لمحے گاڑی سے ایک مسلح شخص کلاشنکوف اٹھائے باہر نکلا۔ شوہر نے مزاحمت کی اور بتایا کہ اغوا کی جانے والی خاتون اس کی بیوی ہے۔
اسی دوران پیچھے سے دو موٹر سائیکلیں آ گئیں جن پر BLA کے جھنڈے لگے ہوئے تھے۔ موٹر سائیکل سواروں نے شوہر پر تشدد کیا، اس کے اور بھتیجے کے موبائل فون چھین لیے، اور خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ ناصرآباد کے جنگلات کی طرف لے گئے۔ واقعے کی اطلاع تمام متعلقہ اداروں کو دے دی گئی ہے اور پولیس کارروائی میں مصروف ہے۔
یہ واقعہ بہت تشویشناک ہے۔
یہ واقعہ کسی عام اغوا یا ذاتی دشمنی کا معاملہ نہیں۔ دن کی روشنی میں اسلحے کے زور پر عورت کا اغوا، مدد کے لیے مسلح ساتھیوں کا پہنچنا، اور پھر جنگل کی طرف لے جانا ایک منظم دہشت گرد کارروائی کی واضح علامت ہے۔ یہ وہی طریقۂ کار ہے جو BLA دہشت گرد برسوں سے خوف پھیلانے کے لیے استعمال کرتے آئے ہیں۔
بلوچستان میں بلوچستان لبریشن آرمی کی جانب سے عورتوں کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوششیں سامنے آتی رہی ہیں۔ پہلے نفسیاتی، سماجی اور جذباتی استحصال، پھر جسمانی تشدّد اور جنسی زیادتی، اور اس کے بعد بلیک میلنگ کے ذریعے خودکش حملوں پر مجبور کرنا اس حکمتِ عملی کا حصہ رہا ہے۔
تشویش ناک حقیقت یہ بھی ہے کہ بعض معاملات میں اغوا شدہ عورتوں کو جنسی غلامی کے لیے رکھا جاتا ہے۔ انہیں خوف، بدنامی اور جان کے خطرے کے ذریعے قابو میں رکھا جاتا ہے تاکہ وہ مزاحمت نہ کر سکیں اور تنظیم کے مقاصد کے لیے استعمال ہوتی رہیں۔
کیچ کا یہ واقعہ اسی خطرناک پیٹرن کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ خدشہ ہے کہ خاتون کو پہلے جبری جنسی تشدد کا نشانہ بنایا جائے گا، پھر بلیک میل کر کے اسے خودکش حملہ آور بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ صرف ایک عورت یا ایک خاندان کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے کھلا خطرہ ہے۔
عورتوں کا اغوا، ان پر تشدد اور انہیں اپنے گھناؤنے عزائم کے لیے استعمال کرنا بدترین دہشت گردی ہے۔ اگر ایسے جرائم کو بے نقاب نہ کیا گیا تو یہ سلسلہ پھیلتا جائے گا۔ آج سچ کہنا اور آواز اٹھانا ہی کل کے بڑے سانحے کو روک سکتا ہے۔
مزید پڑھیں۔کولمبیا میں طیارہ گر کر تباہ، تمام 15 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق















