اسلام آباد(اے بی این نیوز ) ملک کے بیشتر حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے ساتھ مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت شمال مشرقی پنجاب کے بعض اضلاع میں دھند چھانے کا خدشہ ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق مالم جبہ اور مری میں ایک ایک انچ برفباری ہوئی۔ کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قلات اور پاراچنار میں منفی 7، گوپس، مالم جبہ اور استور میں منفی 6، نتھیا گلی اور کالام میں منفی 5، جبکہ سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بعض علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی بھی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
مزید پڑھیں :لاہور،بھاٹی گیٹ ،ماں بیٹی کھلے گٹر میں گر گئیں،تلاش جاری















