اسلام آباد(اے بی این نیوز ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صرف ہتھیار اٹھانے والوں کو نشانہ بنانا کافی نہیں، بلکہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ انہیں یہاں لانے والا کون ہے۔اے بی این نیوز کے پروگرام ’’تجزیہ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم حیدر پنجوتھہ کا کہنا تھا کہ آج بھی یہ بنیادی سوال جواب طلب ہے کہ دہشت گرد کہاں سے آتے ہیں اور کن راستوں سے داخل ہوتے ہیں۔
نعیم حیدر پنجوتھہ نے آپریشنز کے دوران سویلینز کے جانی نقصان پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا موجودہ دور میں حقائق کو چھپانا ممکن نہیں رہا، میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہر بات سامنے آ جاتی ہے۔انہوں نے ماضی کے دعوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک وقت میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو چکا ہے، پھر یہ مسئلہ دوبارہ کیسے سر اٹھا گیا، اس پر شفاف وضاحت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال حکومتی پالیسیوں پر سنجیدہ اور اہم سوالات کھڑے کر رہی ہے، جن کے واضح اور عملی جوابات دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں :لاہور،بھاٹی گیٹ ،ماں بیٹی کھلے گٹر میں گر گئیں،تلاش جاری















