ہری پور(اے بی این نیوز )وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یونیورسٹی آف ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا ایک کھلے دل کا صوبہ ہے، یہاں کسی کے آنے پر نہ بازار بند کیے جاتے ہیں اور نہ ہی راستے روکے جاتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تحصیل غازی میں یونیورسٹی آف ہری پور کے کیمپس کے قیام کا باضابطہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق صوبے میں امن، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر عملی کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنی سو دن کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے تاکہ شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے حلف اٹھایا تو ہائر ایجوکیشن کے لیے 29 ارب روپے مختص تھے، پہلے اس میں پانچ ارب روپے کا اضافہ کیا گیا اور اب مزید دس ارب روپے ہائر ایجوکیشن پر لگائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ نہ صرف سیاست میں بلکہ کارکردگی میں بھی اپنے مخالفین پر سبقت لے جا رہے ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے صوبہ آج بھی امن کی بھیک مانگنے پر مجبور ہے، حالانکہ پختون قوم امن پسند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پختون بندوق اٹھانا جانتا ہے، لیکن جب جنگ نہیں ہوتی تو یہی پختون قلم اور کتاب کے ساتھ ترقی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ پرائی جنگیں اپنے پاس رکھی جائیں، خیبرپختونخوا کو ان کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے تیراہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شدید سردی اور برفباری میں لوگوں کو بے گھر کیا گیا، اور ٹی وی پر بیٹھ کر یہ کہنا کہ لوگ سردی کی وجہ سے خود علاقے چھوڑ رہے ہیں، شرمناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص خوشی سے یا برفباری میں اپنا گھر نہیں چھوڑتا۔
سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ وفاق کی جانب سے متاثرین کے لیے کوئی خاطر خواہ امداد نہیں کی جا رہی، جبکہ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے ان کے لیے فنڈز مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس پالیسی کے خلاف کھڑے ہوں گے جو صوبے یا عوام کے مفاد کے خلاف ہو، اور جو بھی صوبے اور عوام کے حق میں ہوگا، وہ اس کے ساتھ ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ میرے عوام اور میرے صوبے کے خلاف جو بھی کھڑا ہوگا، میں اس کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوں گا۔
مزید پڑھیں :فیملی کے افراد کے مابین آن لائن رابطوں میں اضافہ نئے سائبر سیکیورٹی خدشات کو بھی جنم دے رہا ہے: کیسپرسکی















