اہم خبریں

تعلیمی ادارے بند،نظام زندگی مفلوج،شدید بارشیں،تند و تیز ہوائیں،آنے والے 48 گھنٹے اہم

لندن(اے بی این نیوز    )طاقتور چندرا طوفان برطانیہ سے ٹکرا گیا جس کے بعد ملک بھر میں نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث سینکڑوں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے جبکہ عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سیلابی صورتحال کے باعث ٹرین سروس شدید متاثر ہے اور کئی اہم روٹس پر آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔ درجنوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہو چکی ہیں، جس سے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جنوب مغربی انگلینڈ میں متعدد مرکزی شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ ریسکیو اور بحالی کاموں میں مصروف ہے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ رواں ماہ یہ برطانیہ سے ٹکرانے والا تیسرا بڑا طوفان ہے۔ ادارے نے ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر 7 وارننگز جاری کر دی ہیں، جن میں سیلاب، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے 24 سے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں، کیونکہ مزید بارشوں سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں، ساحلی علاقوں سے دور رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

مزید پڑھیں :سہیل آفریدی کیلئے اچھی خبر آگئی،بڑا ریلیف مل گیا،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں