اسلام آباد ( اے بی این نیوز )دنیا کی بڑی ٹیک کمپنی میٹا نے اپنے مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارمز انسٹاگرام، فیس بک اور واٹس ایپ کے لیے پریمیم سبسکرپشن ماڈل متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد صارفین میں یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ کیا واقعی فری سوشل میڈیا کا دور ختم ہونے والا ہے؟میٹا کے مطابق ایپس کے بنیادی فیچرز بدستور مفت رہیں گے، تاہم سبسکرپشن کے ذریعے صارفین کو اضافی سہولیات، بہتر کنٹرولز اور اے آئی ٹیکنالوجی تک خصوصی رسائی دی جائے گی۔ کمپنی ہر ایپ کے لیے الگ سبسکرپشن آپشنز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ مختلف نوعیت کے صارفین کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسٹاگرام کے ادا شدہ ورژن میں لامحدود آڈینس لسٹس، ایسے فالوورز تک رسائی جو عام طور پر نظر نہیں آتے، گمنام اسٹوری ویوئنگ اور مزید ایڈوانس کنٹرول آپشنز شامل ہو سکتے ہیں۔ یہ وہ فیچرز ہیں جو اس وقت پاور صارفین اکثر تیسرے فریق کے ٹولز کے ذریعے حاصل کرتے ہیں۔میٹا واٹس ایپ اور فیس بک کے لیے بھی پریمیم ٹولز آزمانے پر غور کر رہا ہے، جن میں جدید پرائیویسی کنٹرولز، بہتر میسج آرگنائزیشن، اے آئی سپورٹڈ جوابات اور بزنس صارفین کے لیے خصوصی فیچرز شامل ہو سکتے ہیں۔
کمپنی نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اپنی سرمایہ کاری مزید بڑھا دی ہے، جس میں اے آئی ایجنٹس کی خریداری بھی شامل ہے۔ یہی ٹیکنالوجی مستقبل میں سبسکرپشن پلانز کا اہم حصہ بن سکتی ہے، تاکہ صارفین کو زیادہ اسمارٹ اور ذاتی نوعیت کا تجربہ دیا جا سکے۔میٹا کا کہنا ہے کہ یہ نئے ادا شدہ منصوبے عام صارفین، پاور صارفین اور چھوٹے کاروباروں سب کے لیے بہتر تجربات فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیے گئے ہیں، خاص طور پر یورپی یونین جیسے خطوں میں جہاں ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ اور سخت پرائیویسی قوانین اشتہار پر مبنی ماڈل کو محدود کر رہے ہیں۔
کمپنی کے مطابق سبسکرپشن کی ٹیسٹنگ مرحلہ وار مختلف مارکیٹس میں شروع کی جائے گی اور صارفین کی رائے کی بنیاد پر فیچرز کو مزید بہتر بنایا جائے گا، تاہم قیمتوں اور سرکاری لانچ کی تاریخ کے بارے میں ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں :نیپا وائرس کا پھیلاؤ؛ 5 کیسز کی تصدیق، 100 افراد قرنطینہ منتقل،بچائو اور علامات بارے جا نئے















