لاہور(اے بی این نیوز)سعودی عرب میں حج و عمرہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی گئی ہے۔سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کی رہنمائی اور سہولت کیلئے نئی آگاہی مہم جائی للعمرہ (عمرہ روانگی) کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد عمرہ کے سفر کو آسان، محفوظ اور بہتر بنانا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس مہم کا بنیادی ہدف عمرہ زائرین کو خدمات، رہنما اصولوں اور مناسب طرزِ عمل سے متعلق جامع آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ ان کا مجموعی تجربہ خوشگوار بنایا جا سکے۔ یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے اور ماہِ رمضان کے عمرہ سیزن کی تیاریوں کا اہم حصہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دنیا بھر سے سب سے زیادہ عمرہ زائرین سعودی عرب کا رخ کرتے ہیں، رواں سال 1447 ہجری کے آغاز سے اب تک بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد ایک کروڑ 18 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث زائرین کی بہتر رہنمائی اور سہولیات کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔
وزارتِ حج و عمرہ کے کا کہنا ہے کہ جائی للعمرہ مہم رمضان کے اختتام تک جاری رہے گی، اس دوران زائرین کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اہم معلومات فراہم کی جائیں گی، جن میں مملکت میں آمد، قیام، مناسکِ عمرہ کی ادائیگی اور بحفاظت اپنے وطن واپسی تک کے تمام مراحل شامل ہیں۔
مہم کے تحت ایئرپورٹس، بارڈر کراسنگ پوائنٹس، ٹرانسپورٹ اسٹیشنز، حرمین شریفین کے اطراف رہائشی مراکز، نیز تاریخی اور ثقافتی مقامات سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ یہ تمام معلومات 6 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہوں گی تاکہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں۔سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟















