لاہور(اے بی این نیوز) دنیا بھر کے سب سے مشہور اور بااثر کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ جاری کر دی گئی، جس نے سوشل میڈیا پر زبردست توجہ حاصل کر لی ہے۔
یہ فہرست معروف شماریاتی پلیٹ فارم ورلڈ آف اسٹیٹسٹکس کی جانب سے مرتب کی گئی، جس میں مختلف کھیلوں اور براعظموں سے تعلق رکھنے والے عظیم اسپورٹس اسٹارز کو ان کی عالمی مقبولیت، اثرات اور شناخت کی بنیاد پر شامل کیا گیا۔ اس رینکنگ میں پاکستان سے شامل نام نے خاص طور پر عوامی اور میڈیا حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق پاکستان کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر عمران خان کو ملک کا سب سے مقبول کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ان کا نام دنیا کے چند عظیم ترین اسپورٹس آئیکونز کے ساتھ شامل کیا گیا ہے، جن میں امریکا کے باسکٹ بال لیجنڈ مائیکل جارڈن، ارجنٹائن کے فٹبال اسٹار لیونل میسی، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، بھارت کے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور سوئٹزرلینڈ کے ٹینس لیجنڈ راجر فیڈرر شامل ہیں۔
عمران خان نے 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کرتے ہوئے ملک کو تاریخی فتح دلائی، جو آج بھی پاکستانی کرکٹ کی سنہری یاد سمجھی جاتی ہے۔ بطور آل راؤنڈر ان کی کارکردگی اور قیادت نے انہیں نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایک ممتاز کرکٹر کے طور پر متعارف کرایا۔
کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد عمران خان نے سیاست میں قدم رکھا اور ایک نمایاں سیاسی رہنما کے طور پر عالمی توجہ حاصل کی۔ ان کا سیاسی سفر اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی سرگرمیوں نے بھی ان کی شہرت کو مزید وسعت دی، جس کے باعث وہ محض ایک اسپورٹس لیجنڈ نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔
یہ عالمی رینکنگ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن کا اثر صرف میدان تک محدود نہیں رہا بلکہ ثقافتی، سماجی اور عالمی سطح پر بھی نمایاں رہا۔
مزید پڑھیں۔”یکم فروری کو پاک بھارت انڈر19 میچ کا بائیکاٹ کریں“، بڑی تجویز آگئی















