ڈڈیال(اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما طیب انصاری کے بیٹے اور تحصیل پریس کلب ڈڈیال کے ممبر عمران انصاری کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال سے انتہائی افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا جس نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ملزم نے مقتول کی لاش کو دفن کر رکھا تھا جسے پولیس نے برآمد کر کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کا عمل جاری ہے اور پولیس نے واقعے کے تمام پہلوؤں پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔ اس واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ہسپتال میں تعینات کی گئی ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی ہسپتال میں موجود ہے۔ پورے علاقے میں غم و غصہ اور بے چینی کی فضاء پائی جا رہی ہے، اور شہری اس قتل کو ایک عظیم سانحہ قرار دے رہے ہیں۔
مقتول عمران انصاری کی تین ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، جس کے بعد یہ واقعہ ایک اور شدید صدمہ بن کر سامنے آیا۔ مقتول کے بھائی وقاص انصاری نے بتایا کہ تقریباً سوا آٹھ بجے گزشتہ رات وہ اور عمران انصاری ایک گاڑی میں روانہ ہوئے تھے، جس کے بعد عمران کا موبائل فون بند ہوگیا اور اہل خانہ نے رات بھر ان کی تلاش جاری رکھی، مگر ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
دریں اثناء، تھانہ پولیس ڈڈیال نے اہلِ خانہ کو اطلاع دی کہ عمران انصاری کو قتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مقتول کو گولی مار کر قتل کیا گیا اور لاش کو ریت میں چھپایا گیا تھا، جو بعد میں چمیاری کے علاقے سے برآمد ہوئی۔ پولیس نے وقاص ولد ارشد کو گرفتار کر لیا اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
پولیس نے کہا کہ اس قتل کے پیچھے کوئی ذاتی رنجش یا اختلافات ہوسکتے ہیں، تاہم تحقیقات میں مزید پیشرفت کے ساتھ مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
مزید پڑھیں۔سونے کے نرخ میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ، قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی














