اہم خبریں

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے خطرہ ہے،طاقتور جواب دینگے، ایران کا انتباہ

تہران( اے بی این نیوز    ) ایرانی وزارت خارجہ نے امریکا اور اسرائیل کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو نئے خطرات کا سامنا ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور مؤثر ہوگا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں خطے کے ممالک میں تشویش پائی جاتی ہے، جس کی بنیادی وجہ بڑھتی ہوئی عسکری سرگرمیاں اور اشتعال انگیز بیانات ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں کا سلسلہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے دفاعی حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا اور کسی بھی حملے کی صورت میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بحری بیڑا بھیجنے یا عسکری دباؤ بڑھانے سے ایران کے دفاعی عزم میں رتی برابر کمی نہیں آئے گی۔ ان کے مطابق ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ایرانی حکام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے کے ممالک کو کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل کی جانب بڑھنا چاہیے، کیونکہ جنگی ماحول کسی کے مفاد میں نہیں۔ عالمی مبصرین کے مطابق ایران کا یہ سخت مؤقف خطے میں بڑھتی ہوئی جیو پولیٹیکل ٹینشن، مشرقِ وسطیٰ کی سیکیورٹی صورتحال اور امریکا ایران کشیدگی کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں :مری شدید برفباری کا امکان ، الرٹ جاری

متعلقہ خبریں