اہم خبریں

رمضان پیکج،فی خاندان 10 ہزار روپے،47 ارب کا رمضان نگہبان پیکیج منظور

لاہور( اے بی این نیوز    )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت رمضان المبارک کی پیشگی تیاریوں اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کے مستحق افراد کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب کے ایک کروڑ افراد کے لیے 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکیج کی منظوری دی گئی۔

حکام کے مطابق پنجاب بھر کے 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو 10،10 ہزار روپے نقد امداد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ رمضان المبارک میں اپنی بنیادی ضروریات بآسانی پوری کر سکیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے مستحقین کے لیے رمضان نگہبان پیکیج کی باضابطہ منظوری دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اور شفاف عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاندان رمضان المبارک میں خود کو تنہا محسوس نہ کرے، حکومت ہر ممکن طریقے سے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے صاحبِ ثروت افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد موجود مستحق لوگوں کو کھانا کھلائیں اور اس مقدس مہینے میں بڑھ چڑھ کر خیرات و فلاحی کاموں میں حصہ لیں۔

وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید کمی کرانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو سستا رمضان ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

حکام کے مطابق رمضان نگہبان پیکیج کے تحت ڈیجیٹل طریقے سے رقوم کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شفافیت برقرار رہے اور مستحق افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے امداد مل سکے۔ یہ پیکیج رمضان المبارک 2026 کے دوران پنجاب حکومت کا ایک بڑا سماجی تحفظ اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مہنگائی کے دباؤ میں عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں :ٹک ٹاکر علینہ عامر کی بریکنگ نیوز

متعلقہ خبریں