اہم خبریں

شمال مشرقی امریکا میں 8 افراد کو لیجانے والا نجی جیٹ تباہ

امریکہ(اے بی این نیوز)امریکا کی انتہائی شمال مشرقی ریاست مَین میں ایک جیٹ طیارہ اڑان بھرنے کے فوراً بعد حادثے کا شکار ہو گیا، بدقسمت طیارے پر سوار 8 افراد کی قسمت ابھی تک ’نامعلوم‘ ہے۔حادثے کے بعد حکام نے بینگور انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے بند کر دیا ہے۔

بینگور انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اتوار کی رات جاری بیان میں کہا ہے کہ ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ فی الحال اس سفری مرکز کا رخ نہ کریں۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایئرپورٹ حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا گیا کہ ریسکیو اور ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔

دوسری جانب فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق، بمبارڈیئر چیلنجر 600 طیارہ اتوار کی شام تقریباً 7 بج کر 45 منٹ پر اس وقت گر کر تباہ ہوا جب وہ ایئرپورٹ سے اڑان بھر رہا تھا۔

طیارے میں سوار 8 افراد کی قسمت یا حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی معلومات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فراہم کی گئی معلومات ابتدائی ہیں اور ان میں تبدیلی ممکن ہے۔

حادثے کے وقت ریاست مَین سمیت مشرقی امریکا کے بیشتر حصوں میں شدید برفانی طوفان کی وارننگ جاری کی جاچکی تھی۔حادثے کی تحقیقات فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کر رہے ہیں۔

نیشنل ویدر سروس کے مطابق اتوار کی شام شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی تھی، جس میں 16 انچ تک برف پڑنے کا امکان تھا، جبکہ ساحلی علاقوں میں اس سے بھی زیادہ برف باری ہو سکتی تھی۔

مذکورہ ونٹر اسٹورم وارننگ کا مطلب یہ ہے کہ شدید موسمی حالات سفر کو انتہائی خطرناک بنا سکتے ہیں، یہ وارننگ منگل کی صبح تک نافذ العمل رہنے کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں۔ملک بھر میں شدید سردی، بارش اور برفباری والا نیا طاقتور سسٹم آج داخل ہونے کا امکان

متعلقہ خبریں