سیالکوٹ (اے بی این نیوز) سیالکوٹ کے قریب ڈسکہ روڈ پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 2 کمسن بچوں سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار انتہائی تیز رفتاری سے ڈسکہ روڈ پر جا رہی تھی۔ ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بے قابو کار سیدھی سڑک کنارے کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع تک نہ مل سکا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ جاں بحق افراد کی لاشوں اور شدید زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈسکہ منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 سالہ عزا، 6 سالہ زمان، 38 سالہ سلمان، 58 سالہ اسلام اور 29 سالہ عمران شامل ہیں، جبکہ زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں:موسم کی تازہ ترین اپ ڈیٹ جانیں















