اہم خبریں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا، سلمان علی آغا پاکستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

کپتان سلمان علی آغا، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا۔

پاکستانی سکواڈ
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں فہیم اشرف، خواجہ محمد نفی، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور عثمان طارق شامل ہیں۔

ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ بھی ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر عاقب جاوید نے کہا کہ حارث رؤف کافی عرصے سے ہمارے ساتھ ہیں، ٹیم کا انتخاب بہترین کمبی نیشن کو دیکھ کر کیا گیا ہے، سری لنکا میں کیا کرکٹ ہو سکتی ہے اس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے ایک جیسا انتخاب نہیں ہو سکتا۔

عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم کے حوالے سے کوچ اور کپتان کو بھی لگتا ہے کہ وہ اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک ہی جگہ پر میچ کھیلنا فائدہ ہے لیکن اس کے باوجود اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ ورلڈ کپ کے لیے تیار اور پرجوش۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم کا بگ بیش اچھا نہیں گزرا تاہم انہوں نے پاکستان کے لیے اچھی کارکردگی دکھائی۔

ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم میں واپسی کے بعد عثمان خان کی کارکردگی شاندار رہی ہے، بیٹنگ میں وکٹ کیپر کا کردار چھٹے نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ نفی کو ورلڈ کپ میں متبادل وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ حارث رؤف کا نام سب سے آگے تھا لیکن ان کی جگہ نہیں بنی۔

مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ صاحبزادہ فرحان کیپنگ کے لیے بھی دستیاب ہیں، تاہم ان پر بوجھ نہیں پڑے گا، صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے اہم رکن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عاقب جاوید نے کہا کہ ہم سلیکٹرز ہیں اور ہمارا کام ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، یہ فیصلہ حکومت کو کرنا ہے کہ ہمیں ورلڈ کپ کھیلنا چاہیے یا نہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے، پاکستان ورلڈ کپ مہم کا آغاز 7 فروری کو ہالینڈ کے خلاف کرے گا۔
مزید پڑھیں‌:اسکول کے اوقات کار میں تبدیلی کے فیصلے میں توسیع

متعلقہ خبریں