اہم خبریں

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 خوارج ہلاک

پنجگور (اے بی این نیوز)بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن بھارتی پراکسی فتنہ الہندستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ مارے گئے دہشت گردوں میں دہشت گرد کمانڈر فاروق عرف سورو، دہشت گرد عدیل اور وسیم شامل ہیں۔

مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ حالات کو مستحکم کرنے کے عزم کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ آپریشن غیر ملکی سپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں‌:محسن نقوی کا ورلڈکپ کے حوالے سے آئندہ حکمت عملی پر اہم اعلان

متعلقہ خبریں